ڈی جی خان (پاک صحافت) پنجاب پولیس نے پنجاب خیبر پختونخوا بارڈر چیک پوسٹ لکھانی پر رواں ہفتے میں خوارجی دہشت گردوں کا دوسرا بڑا حملہ ناکام بنا دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 15 سے 20 خوارجی دہشت گردوں نے سرحدی چوکی لکھانی پر سحری کے وقت اچانک حملہ کیا، خوارجی دہشت گرد چھوٹی ٹولیوں کی شکل میں چیک پوسٹ پر چاروں اطراف سے حملہ آور ہوئے، خوارجی دہشت گردوں نے حملے میں راکٹ لانچرز اور بھاری اسلحہ کا استعمال کیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ جوانوں کے الرٹ ہونے کے سبب تھرمل امیج کیمروں سے دہشت گردوں کی دور سے نشاندہی کر لی گئی، پولیس اہلکاروں نے بروقت مشین اور مارٹر گنز سے فائرنگ کرکے فوری جوابی کارروائی کی، بھرپور جوابی کارروائی سے خوارجی دہشت گرد چیک پوسٹ کے قریب پہنچنے میں ناکام رہے اور پسپائی اختیار کر گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ موثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی کمانڈ آر پی او ڈی جی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کی، ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کی زیر کمانڈ کیو آر ایف کی بیک اپ ٹیمیں فوری موقع پر پہنچیں۔